ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / افسران کی خودکشی کیلئے اپوزیشن پارٹیاں قصوروار : وزیر داخلہ 

افسران کی خودکشی کیلئے اپوزیشن پارٹیاں قصوروار : وزیر داخلہ 

Mon, 11 Jul 2016 11:28:40  SO Admin   S.O. News Service


پارٹی کیخلاف کھلے عام بیان بازی کرنے والے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ، دنیش گنڈور راؤ نے کار گزار صدر کا عہدہ سنبھال لیا
بنگلورو 10؍ جولائی ( ایس او نیوز ) ریاست میں پولس افسران کی خودکشی کیلئے حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن پارٹیاں قصور وار ہیں ۔ کے پی سی سی صدر اور وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے یہ خیال ظاہر کیا ہے۔ کے پی سی سی کے کار گذار صدر دنیش گنڈر ور راؤ کے عہد سنبھالنے کی تقریبات میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں چھوٹے موٹے معاملات کو سامنے رکھ کر حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہیں ، ان کی یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ یہ معلوم ہے کہ جب یہ اپوزیشن پارٹیاں اقتدار پر تھیں توان کی سرگرمیاں کیا تھیں ؟ ان کے دور میں بھی افسران پر دباؤ تھا اسی وجہ سے اب خودکشی کررہے ہیں ۔ اس کیلئے صرف کانگریس حکومت ذمہ دار نہیں ہے۔ پارٹی ، حکومت اور لیڈروں کے خلاف کھلے عام بیانات دینے والے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ پرمیشور نے کہا کہ اگر کوئی عدم اطمینان ہے تو اسے پارٹی کے دائرہ کے اندر پیش کرنا ہوگا۔ ذرائع ابلاغ کے روبرو کھلے عام بیانات دینے پر کارروائی ہوگی۔ ریاستی حکومت نے اپنے قول کے مطابق عمل کیا ہے اور آئندہ دنوں میں بھی کانگریس اقتدار حاصل کرے گی۔ 
ہندوستان میں کانگریس کا خاتمہ کرنا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں ہے، سورج اور چاند کے رہنے تک کانگریس پارٹی بھی رہے گی ۔ ریاست میں پارٹی کی تعمیر کا کام ہونا ہے ۔ توقع ہے کہ یہ ذمہ داری کار گذار صدر دنیش گنڈور راؤ نبھائیں گے۔ وزیر کے طور پر انہوں نے اچھا کام کیا تھا ، ان کو کابینہ میں شامل رکھا جانا چاہئے تھا، لیکن پارٹی نے ان کو نئی ذمہ داری سونپی ہے ۔ اس موقع پر دنیش گنڈور راؤ نے پرمیشور سے پارٹی پرچم حاصل کر کے پارٹی کے کار گذار صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدارامیا ، اکانگریس لیڈران ملیکارجن کھرگے ، رکن پارلیمان کے ایچ منی اپا، سینئر لیڈر سی کے جعفر شریف ، اے آئی سی سی سکریٹری چیلا کمار، ہنومنت راؤ، ریاستی وزراء کے جے جارج ، آر وی دیش پانڈے ، ڈی کے شیو کمار ، ڈاکٹر اے ایچ مہادیو پا ، مہادیو پرساد، ٹی بی جے چندرا کانگریس لیڈران سلیم احمد ، موٹما ، مہیلا کانگریس صدر لکشمی ہبا لکر سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ دنیش گنڈور راؤ کی ماں ور لکشمی گنڈور راؤ بھی موجود تھیں۔


Share: